بھٹکل:8؍جنوری (ایس اؤ نیوز) بھٹکل مدینہ کالونی، محی الدین اسٹریٹ میں قائم ینگ اسٹار ویلفئیر آرگنائزیشن کے زیراہتمام اتوار 10 جنوری سے لیدر بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز ہورہا ہے جس میں مرڈیشور اور منکی سمیت تعلقہ کی جملہ 33 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں روزانہ دو دو میچس کھیلے جائیں گے، صبح پہلے میچ کی پہلی گیند 8:15 بجے پھینکی جائے گی، جبکہ دوپہر کو دوسرے میچ کی پہلی گیند 1:15 بجے پھینکی جائے گی۔ ٹورنامنٹ بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس تعلق سے آج جمعہ بعد نماز عصر ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں ٹورنامنٹ کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے ینگ اسٹار کے جنرل سکریٹری اور ٹورنامنٹ کے کنوینر ظہیر احمد شیخ اور نائب کنوینر سہیل کڈداری نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کا فائنل فروری کے پہلے ہفتے میں کھیلا جائے گا اور اول آنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 44,444 روپیہ نقد اور دوسرا انعام ٹرافی سمیت 22,222 روپیہ نقد دیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف فرما مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے نائب صدر عتیق الرحمن مُنیری نے کہاکہ جس طرح اس ٹورنامنٹ کا منظم انداز میں انعقاد کیا جارہاہے ، ہمارے نوجوانوں کو اپنی زندگی میں بھی اسی طرح نظم وضبط کی پابندی کرنی چاہئے۔ جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری نے خطاب کرتےہوئے ینگ اسٹار آرگنائزیشن کی طرف سے کھیل کے ساتھ ساتھ انجام دی جانےو الی سماجی خدمات کی ستائش کی انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت دی کہ وہ اسی طرح آگے بھی اپنی بہترین خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں۔
تقریب کا آغاز فہد ملپا کی تلاوت قرآن سےہوا۔ محمد علی شاذنے حمد اور احمد سعید نے نعت پیش کی ، مفیض اور ان کے ساتھیوں نے آرگنائزیشن کا ترانہ پیش کیا۔ مولوی عبدالباسط ائیکری نے رپورٹ کی خواندگی کی۔ مولوی احمد کبیر ندوی نے استقبال کرنے کے ساتھ ساتھ آخر میں کلمہ تشکر بھی پیش کیا۔
بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی سمیت بھٹکل کے دیگر ذمہ داران قمر سعدا، ڈاکٹر نسیم خان اور طلحہ تروچناپلی نے بھی اپنے اپنےخیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں سید رفیق صاحب کی تہنیت کی گئی۔ ڈائس پر آر کے باپو، عبدالکریم تار، عبدالقدیر ایچ، فاروق وغیرہ موجود تھے۔